A very easy and quick way to make Karachi Biryani

لذیذ کراچی بریانی بنانا اب بہت ہی آسان

Recipes
22. Dec 2023
10883 views
A very easy and quick way to make Karachi Biryani

 


آج کے اس بلاگ میں ہم بہت ہی مزے کی کراچی بریانی کی ریسیپی آپ کے ساتھ شئیر کرنے جا رہے ہیں۔ آج ہم کم مقدار میں بریانی کی ریسیپی لے کر حاضر ہوئے ہیں کیونکہ اکثر زیادہ مقدار میں بریانی بنانا سکھایا جاتا ہے، لیکن  عام طور پر گھروں میں کم مقدار میں بریانی بنائی جاتی ہے جو چھوٹی فیملیز ہوتی ہیں تو انہیں کم مقدار میں بریانی بنانے کے لیے پیمائش وغیرہ کا مسئلہ آتا ہے  تو اسی لیے آج ایک کلو چاولوں سے آپ کے ساتھ  بہت ہی زیادہ لذیذ بریانی کی ریسیپی شیئر کریں گے۔ کراچی کی بریانی بہت زیادہ مشہور ہے اور اسے نہ صرف کراچی میں بلکہ ہر جگہ ،ہر شہر میں ہی بہت زیادہ شوق سے کھایا جاتا ہے۔ کراچی کی بریانی اس قدر پسند کی جاتی ہے کہ جگہ جگہ اس کے چرچے ہیں اور جگہ جگہ کراچی بریانی کے نام سے ڈھابے تو کہیں دوکانیں بنائی گئی ہیں۔ آج اس بلاگ کو پڑھنے کے بعد آپ بھی کراچی بریانی بنانے میں ایکسپرٹ ہو جائیں گے اور جب گھر والوں یا مہمانوں کو یہ بریانی بنا کر کھلائیں گے تو وہ انگلیاں چاٹتے ہی رہ جائیں گے اور آپ کی تعریف کیے بِنا نہ رہ پائیں گے۔
تو آج کی کراچی بریانی کی اس ریسیپی میں ہم ایک کلو چاول کا استعمال کریں گے اور ایک کلو ہی گوشت یعنی کہ چکن ڈالیں گے۔ اس کے علاوہ آلو بھی ڈالیں گے۔ آلو کا استعمال آدھا کلو کریں گے۔ تو آئیے شروع کرتے ہیں۔

 

اجزاء


آئل ------------------------------ ایک کپ
ٹماٹر ---------------------------- آدھا کلو باریک سلائس میں کٹے ہوئے
لہسن ادرک پیسٹ --------------1 ٹیبل سپون
سبز مرچ ----------------------- 1 ٹیبل سپون باریک کُٹی ہوئی
نمک --------------------------- 1 ٹیبل سپون
لال مرچ ----------------------- 1 ٹیبل سپون
خشک آلو بخارا --------------- 8 سے 10 
پانی ---------------------------  پونا لیٹر
دہی ---------------------------  ڈیڑھ کپ
آلو ----------------------------   آدھا کلو
زردہ رنگ ------------------   آدھا ٹی سپون 

 

گرائنڈ کرنے کے لیے مصالحے


زیرہ -----------------------  ایک ٹیبل سپون
دار چینی ------------------  2 سے 3 ٹکڑے
جائفل --------------------- چھوٹا سا ٹکڑا

جاوتری ------------------  2 چھوٹے چھلکے

  (اوپر دیئے گئےان چاروں مصالحوں کو گرائنڈ کر لیں )

 

ثابت گرم مصالحہ

زیرہ -------------------- 1 ٹیبل سپون
کالی مرچ --------------- 1 ٹیبل سپون
لونگ ------------------ 5 سے 6 
                      بادیہ کھتائی ------------ 1 عدد
سبز الائچی ------------  6 عدد
دار چینی --------------  2 سے 3 ٹکڑے


چاول ابالنے کے لیے اجزاء

سیلا چاول ----------- 1 کلو (2 گھنٹے پہلے بھگو لیں)
نمک ----------------- 4 ٹیبل سپون
     تیز پات -------------- 3 سے 4 پتے

بادیہ کھتائی --------- 1 پھول

 

پکانے کا طریقہ

سب سے پہلے ایک برتن میں ہم ایک کپ آئل ڈالیں گے اور پھر آئل میں جو پہلی چیز جائے گی وہ ہیں ٹماٹر۔ ٹماٹر جو ہم نے باریک سلائسز میں کاٹ لیے تھے تا کہ جلدی سے اور اچھے سے مکس ہو جائیں۔ جیسا کہ آپ لوگ جانتے ہیں کہ نارملی ہر بریانی میں سب سے پہلے پیاز ڈالی جاتی ہے۔ آپ نے بھی جب کبھی بریانی بنائی ہو گی تو پیاز ہی سے بنائی ہو گی۔ مگر آج جس بریانی کی ریسیپی آپ کے ساتھ شیئر کرنے جا رہے ہیں اس میں ہم پیاز بالکل بھی نہیں ڈالیں گے کیونکہ پیاز سے بریانی کا ذائقہ میٹھا میٹھا سا ہو جاتا ہے تو اسی لیے ہم اس میں سب سے پہلے ٹماٹر ڈالیں گے، ٹماٹر ہم باریک کاٹ لیں گے تاکہ یہ مکس ہو کر گریوی کی شکل اختیار کر لیں۔ ٹماٹر جب نرم ہونا شروع ہو جائیں تو اس میں لہسن ادرک کا پیسٹ اور کُٹی ہوئی ہری مرچیں ڈال دیں اور انہیں بھی ٹماٹروں کے ساتھ 4 سے 5 منٹ کے لیے پکائیں۔ اب اس کے اندر ثابت گرم مصالحے شامل کر دیں ساتھ ساتھ ہلاتے جائیں۔ اب اس میں نمک اور لال مرچیں ڈال دیں اور ساتھ ہی آلو بخارا ڈال دیں اور تھوڑی دیر کے لیے پکائیں۔ تھوڑی دیر پکانے کے بعد جب یہ آئل چھوڑ دے تو اس میں پونا لیٹر پانی ڈال دیں اور ساتھ ہی وہ پسا ہوا گرم مصالحہ ڈال دیں جو ہم نے گرائنڈ کیا تھا۔ اس کو اچھی طرح مکس کر لیں۔ اس کے بعد اس میں جائے گا دہی۔ دہی کھٹا ہونا چاہیے۔اور یہاں پہ یہ بھی بتاتے چلیں کہ جتنی چیزیں کھٹی ہوں گی اتنا ہی بریانی کا ذائقہ اچھا آئے گا۔ اب اس کو تھوڑی دیر پکائیں۔ تھوڑی دیر پکانے کے بعد اس میں آلو ڈال دیں۔ آلو ڈالنے کے بعد 7 سے 8 منٹ کے لیے اسے ڈھک کر پکا لیں تا کہ سٹیم کے اندر یہ پک جائیں اور پانی زیادہ خُشک بھی نہ ہو ۔ آلو جب تقریباً 50 فیصد پک جائیں تو اس میں چکن شامل کر دیں کیونکہ آلو ابھی چکن کے ساتھ بھی پکیں گے اور دَم میں بھی پکیں گے تو یہ اچھی طرح گَل جائیں گے۔ اس ریسیپی میں چکن کی بوٹی بہت بڑی نہیں لیں گے، بلکہ چھوٹی یا پھر درمیانے سائز کی بوٹی لیں گے۔ چکن کو گلنے دیں گے اور دوسری سائیڈ پر چاولوں کے لیے پانی کو ابلنے کے لیے رکھ دیں گے، جب اُبالا آ جائے تو اس میں 4 ٹیبل سپون نمک ڈال دیں، یاد رہے کہ پانی تھوڑا زیادہ ڈالیں۔ چاول اُبلنے پرفالتو پانی نکال دیں تاکہ اگر ایکسٹرا نمک ہو تو وہ بھی پانی کے ساتھ نکل جائے اور چاولوں میں اتنا ہی نمک جائے جتنا ہونا چاہیے۔ اب اس پانی میں تیز پات پتے اور بادیہ کھتائی ڈال دیں اور ساتھ ہی چاول ڈال دیں۔ یاد رہے کہ ہم نے اس ریسیپی میں سیلا چاول کا استعمال کیا ہے اور ان چاولوں کو 2 گھنٹے کے لیے بھگو کر رکھنا ہے۔ یہاں یہ بات بھی یاد رہے کہ چاول ڈالنے کے بعد آنچ کو دھیما نہیں کرنا۔ جس طرح شعلہ پہلے چل رہا تھا ویسے ہی جلنے دینا ہے۔

 


دوسری سائیڈ پر چکن  ڈالنے کے بعد اس کو پکتے ہوئے جب 10 سے 12 منٹ ہو جائیں تو اس میں زردہ رنگ ڈالنا ہے، اسی سے اس کا بہت اچھا کلر آئے گا۔ آلوؤں کے اوپر اور چکن کے اوپر اس کا کلر آ جائے گا۔ اور جتنے چاول بھی اس کے اندر ڈِپ ہوں گے اُن پر کلر آ جائے گا اور باقی وائٹ رہ جائیں گے۔ کلر ڈالنے کے بعد اسے 3 سے 4 منٹ تک پکائیں گے تو اس کا کلر چکن اور آلوؤں کے اوپر آ جائے گا۔ اب یہ دَم لگانے کے لیے تیار ہو جائے گا۔ اب ہم اس کو دَم لگائیں گے اور اس کے لیے لیموں کے سلائسز کاٹ کر اس سالن میں ڈالیں اور ساتھ ہی دھنیا اور پودینہ بھی کاٹ کر ڈال دیں۔ یہاں ایک بات قابلِ ذکر ہے کہ دھنیا اور پودینہ جتنا زیادہ ہو گا اتنی ہی زیادہ اچھی خوشبو آئے گی اور اتنا ہی اچھا ذائقہ آئے گا۔ اب اس میں چاول ڈال دیں۔ اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ چاول گرم ہونے چاہیں۔ یعنی کہ ٹائمنگ کی ایڈجسٹمنٹ اس طرح کریں کہ جس ٹائم آپ کے چاول اُبلیں اُسی ٹائم ہی آپ کا سالن تیار ہو۔ کیونکہ اگر چاول ٹھنڈے ہوں گے تو ٹوٹ یا مُڑجائیں گے۔ اب چاولوں کو چمچے سے برابر کر لیں اور جتنے چاول اب ڈِپ ہوئے ہیں  انہیں پر کلر آئے گا، باقی وائٹ رہیں گے۔ اب اوپر سے آپ نے کچھ نہیں ڈالنا، نہ کوئی کلر اور نہ کچھ۔ ۔ صرف چاولوں کے اوپر آدھا کپ آئل ڈالیں گے اور یہ اس لیے ڈالیں گے تا کہ چاول جُڑ یا مُڑ نہ جائیں، اس سے چاول زیادہ بہترین اور سٹیم کے اندر زیادہ بہتر آئے گا۔

اب یہاں پر اس کو دَم دے دیں۔ یہاں پر آنچ آپ نے بالکل کم کر دینی ہے اور اس کو 25 منٹ کے لیے دَم دینا ہے۔ آپ کا چاول بھی بہت اچھا گَل جائے گا۔ اور آپ کی بریانی بہترین فلیور کے ساتھ بہت مزیدارتیار ہو جائے گی۔

دَم کا ٹائم پورا ہونے کے بعد جب آپ دَم کھولیں گے تو آپ دیکھیں گے کہ کس قدر پیاری خوشبو آ رہی ہے اور چاول بہت اچھے گلیں گے اور کھِلے کھِلے سے ہوں گے۔ اس کو مکس کریں گے تو نیچے سے اس کا کلر بہت ہی زیادہ خوبصورت نظر آئے گا۔

لیں جی! آپ کی بہترین کراچی بریانی بہت ہی آسان طریقے سے تیار ہے۔ خود بھی کھائیں اور گھر والوں کو بھی کھِلائیں۔ یقین کریں جو بھی کھائے گا آپ کے ہاتھ کے ذائقے کا دیوانہ ہو جائے گا۔

   


 

Comments

No comments has been added on this post

Add new comment

You must be logged in to add new comment. Log in
Categories
Earn Money Online
In this category you will learn incredible methods to earn money online without any investment.
Mobile & Electronics
Beauty
These blogs will make you beautiful and young
Birds
This category is about interesting facts and bird care
House Hold
In this category you will get to know about home decoration and all home related tips۔
Health
Amazing blogs about heathy life
Recipes
These blogs are about delicious and best Pakistani dishes.
Cars
Blogs about cars
Lately commented